مہر خبررساں ایجنسی نے عراقی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراق کے وزیرِاعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر اِن چیف علی فالح الزیدی نے مسلح افواج، بالخصوص صوبہ بابل کے علاقے جرف النصر میں تعینات یونٹوں اور فورسز کے نام ایک پیغام جاری کیا ہے۔
الزیدی نے اپنے پیغام میں زور دیتے ہوئے کہا کہ جرف النصر حکومتی اقتدار کے نفاذ، مسلح افواج کو یکجا کرنے اور اسلحے کو ریاست کے اختیار میں رکھنے کے عمل کا نقطۂ آغاز ہے۔
انہوں نے جرف النصر میں تعینات تمام اداروں اور فوجی یونٹوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عراق کی تاریخ کے ایک اہم مرحلے کو رقم کر رہے ہیں۔
انہوں نے اس علاقے میں تعینات فورسز کو تحمل اور دوراندیشی سے کام لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ہم حالتِ جنگ میں نہیں ہیں اور وہاں موجود تمام افراد آپ کے بھائی ہیں۔ آپ کے سامنے نہ کوئی دشمن ہے اور نہ کوئی مخالف فریق۔ وہ اسی سرزمین کے فرزند ہیں اور ان کا خون بھی ہمارے ہی خون جیسا ہے۔
عراق کے کمانڈر اِن چیف نے کہا کہ اس مرحلے کو اخراج اور محروم رکھنے کے بجائے شمولیت اور ہم آہنگی کی پالیسی کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔ تمام افراد ایک ہی پرچم، ایک ہی کمان اور ایک ہی قانون کے تحت مسلح افواج کے دائرے میں متحد ہوں گے۔
الزیدی نے مزید کہا کہ ہمارا فیصلہ غیر متزلزل ہے؛ ریاست کی حاکمیت سے باہر کوئی اسلحہ نہیں ہونا چاہیے۔ صرف عراق کا اسلحہ ہی قابلِ قبول ہے، عراق کے فیصلے کے سوا کوئی دوسرا فیصلہ تسلیم نہیں کیا جائے گا اور عراق کے پرچم سے بلند کوئی پرچم نہیں ہونا چاہیے۔ عراقی عوام اپنی رائے کا اظہار کر چکے ہیں اور ملک کے وسائل کے تحفظ، بدعنوانی اور سرکشی کو ناکام بنانے کے لیے حکومت کی حمایت میں اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے عراقی عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس مشن میں مسلح افواج کی حمایت کی ہے، اور مزید کہا کہ جرف النصر سے عراق کی پوری سرزمین پر ریاستی حاکمیت کے نفاذ کی مہم شروع ہو رہی ہے، تاکہ ہم اپنے ملک میں ہر قسم کی بدعنوانی اور غیر قانونی و بے قابو مسلح سرگرمیوں کا مقابلہ کر سکیں۔ یہ ایک متحد، طاقتور اور انصاف پر مبنی عراق کی تشکیل کا آغاز ہے، جہاں آئین اور قانون کے مطابق نظام حکومت چلایا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ